کیا حضور نبی کریم ﷺ کی نبوت کا انکار پورے قرآن کا انکار ہے؟
رسول اللہ ﷺ کا انکار اللہ تعالیٰ کی تمام آیتوں کا انکار ہے ۔ اس آیت میں یہود کے متعلق فرمایا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی آیتوں کا انکارکرتے ہیں حالانکہ یہود اللہ تعالیٰ کو ، فرشتوں کو ،آسمانی کتابوں کو، انبیاء سابقین کو ،قیامت ، حشر و نشر ،حساب و کتاب اور عذاب و ثواب کوماننے والے تھے۔ اس کا جواب یہ ہے کہ انہوں نے سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ کی نبوت کا انکار کیا اور تورات اور قرآن مجید میں آپ ﷺکی نبوت کے متعلق جو آیات ہیں ان کا انکار کیا اور کتاب اللہ کی ایک آیت کا انکار اس کی تمام آیتوں کے انکار کو مستلزم ہے ،کیونکہ جس خدا نے باقی آیات نازل کی ہیں سیدنا محمد رسول اللہﷺکی نبوت کے متعلق آیتیں بھی اس نے نازل کی ہیں اس لئے آپﷺ کی نبوت کا انکار کرنا تمام آیات الٰہیہ کا انکار کرنا ہے اس وجہ سے فرمایا یہ لوگ اللہ کی آیتوں کا کفر کرتے ہیں۔(تبیان القرآن،ج2،ص95)