گستاخِ رسولﷺکی سزا

رسول اللہ ﷺکی شان میں گستاخی کرنے والے کی سزا کیا ہے؟

مختصر جواب
رسول اللہ ﷺ کی توہین کرنا بالا جماع کفر ہے اور توہین کرنے والا بالاتفاق واجب القتل ہے اور اس کی توبہ قبول کرنے میں ائمہ مذاہب کے مختلف قول ہیں. رسول اکرم ﷺ کی شان میں کمی کرنا اور بے ادبی و گستاخی یہ ایک مومن کی شان نہیں کیوں کہ ایمان کی شان ہی نبی اکرم ﷺ کے عشق و ادب سے ہے اور گستاخ رسول ﷺ کے لئے قرآن و حدیث میں احکام موجود ہیں.
حوالہ 1
الاعراف، آیت 157
اَلَّذِیْنَ یَتَّبِعُوْنَ الرَّسُوْلَ النَّبِیَّ الْاُمِّیَّ الَّذِیْ یَجِدُوْنَه مَكْتُوْبًا عِنْدَهُمْ فِی التَّوْرٰىةِ وَ الْاِنْجِیْلِ یَاْمُرُهُمْ بِالْمَعْرُوْفِ وَ یَنْهٰىهُمْ عَنِ الْمُنْكَرِ وَ یُحِلُّ لَهُمُ الطَّیِّبٰتِ وَ یُحَرِّمُ عَلَیْهِمُ الْخَبٰٓىٕثَ وَ یَضَعُ عَنْهُمْ اِصْرَهُمْ وَ الْاَغْلٰلَ الَّتِیْ كَانَتْ عَلَیْهِمْ فَالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا بِه وَ عَزَّرُوْهُ وَ نَصَرُوْهُ وَ اتَّبَعُوا النُّوْرَ الَّذِیْ اُنْزِلَ مَعَه اُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ
ترجمہ
وہ جواس رسول کی اتباع کریں جو غیب کی خبریں دینے والے ہیں ،جو کسی سے پڑھے ہوئے نہیں ہیں ، جسے یہ (اہلِ کتاب ) اپنے پاس تورات اور انجیل میں لکھا ہوا پاتے ہیں ، وہ انہیں نیکی کا حکم دیتے ہیں اور انہیں برائی سے منع کرتے ہیں اور ان کیلئے پاکیزہ چیزیں حلال فرماتے ہیں اور گندی چیزیں ان پر حرام کرتے ہیں اور ان کے اوپر سے وہ بوجھ اور قیدیں اتارتے ہیں جو ان پر تھیں تو وہ لوگ جو اس نبی پر ایمان لائیں اور اس کی تعظیم کریں اور اس کی مدد کریں اور اس نور کی پیروی کریں جو اس کے ساتھ نازل کیا گیا تو وہی لوگ فلاح پانے والے ہیں ۔
— ترجمہ کنز العرفان
تفسیر

رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والے کے لیے شرعی حکم کی تحقیق: رسول اللہ ﷺ کی توہین کرنا بالا جماع کفر ہے اور توہین کرنے والا بالاتفاق واجب القتل ہے اور اس کی توبہ قبول کرنے میں ائمہ مذاہب کے مختلف قول ہیں خواہ توہین کا تعلق آپ کی ذات کے ساتھ ہو یا آپ کے نسب کے ساتھ ہو۔ آپ کے دین کے ساتھ ہو یا آپ کی کسی صفت کے ساتھ ہو اور یہ اہانت خواہ صراحتاً ہو یا کنایتاً ہو یا تعریضا ًہو یا تلویحاً ہو۔ اسی طرح کوئی شخص آپ کو بد دعا کرے، آپ پر لعنت کرے یا آپ کا بُرا چاہے ،آپ کے عوارض بشریہ یا آپ کے متعلق اشیاء یا اشخاص کا آپ کی طرف نسبت کرتے ہوئے بطریق طعن یا مذمت ذکر کرے۔ غرض جس شخص سے کوئی ایسا کام صادر ہو جس سے آپ کی اہانت ظاہر ہو وہ کفر ہے اور اس کا قائل واجب القتل ہے۔ قاضی عیاضؒ لکھتے ہیں: محمد بن سحنون نے کہا ہے: علماء کا اس بات پر اجماع ہے کہ نبی کریمﷺکی اہانت کرنے والا اور آپ کی تنقیص ( آپ کی شان میں کمی )کرنے والا کافر ہے اور اس پر عذاب الہٰی کی وعید جاری ہے اور امت کے نزدیک اس کا حکم قتل کرنا ہے، اور جو شخص اس کے کفر اور عذاب میں شک کرے وہ بھی کافر ہے۔ (الشفاء ج 2، ص 190، مطبوعہ عبد التواب اکیڈمی ،ملتان) بعض فقہاء حنیفہ کا قول یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺکو گالی دینے والے کی توبہ قبول نہیں ہوگی ۔ علامہ علائی لکھتے ہیں: جو شخص کسی نبی کو گالی دینے سے کافر ہو گیا ہو اس کو بطور حد قتل کیا جائے گا اور اس کی توبہ مطلقاً قبول نہیں ہے خواہ وہ خودتو بہ کرے یا اس کی تو بہ پر گواہی ہو) اور اگر اس نے اللہ تعالیٰ کو گالی دی تو اس کی توبہ قبول کر لی جائے گی کیونکہ وہ اللہ تعالی کا حق ہے اور نبی کو گالی دینا بندے کا حق ہے اور جو شخص اس کے عذاب اور کفر میں شک کرے گا وہ بھی کافر ہو جائے گا۔ در مختار علی الرد،ج 3، ص 440، مطبع عثمانیہ ،استنبول)) علامہ ابن قدامہ ؒحنبلی لکھتے ہیں: جس شخص نے اللہ تعالیٰ کو گالی دی وہ کافر ہو گیا ،خواہ مذاق سے خواہ سنجیدگی سے اور جس شخص نے اللہ تعالیٰ سے استہزاء کیا یا اس کی ذات سے یا اُ س کے رسولوں سے یا اس کی کتابوں سے وہ کافر ہوگیا۔(المغنی،ج9،ص33، مطبوعہ دار الفکر بیروت) اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: وَ لَىٕنْ سَاَلْتَهُمْ لَیَقُوْلُنَّ اِنَّمَا كُنَّا نَخُوْضُ وَ نَلْعَبُ قُلْ اَبِاللّٰهِ وَ اٰیٰتِه وَ رَسُوْلِه كُنْتُمْ تَسْتَهْزِءُوْنَ (التوبہ،65) ترجمہ کنز العرفان: اور اے محبوب! اگرآپ ان سے پوچھیں تو کہیں گے کہ ہم تو صرف ہنسی کھیل کررہے تھے ۔تم فرماؤ: کیا تم اللہ اور اس کی آیتوں اور اس کے رسول سے ہنسی مذاق کرتے ہو۔ قاضی عیاض مالکیؒ لکھتے ہیں: جان لو کہ امام مالک ،اُن کے اصحاب ،سلف صالحین اور جمہور علماء کا مسلک یہ ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو جس نےگالی دی اور اس کے بعد توبہ کرلی تو اس کو بطور حد قتل کیا جائے گا نہ بطور کفر ۔ شیخ ابو الحسن قاسمی رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا جب کسی شخص نے آپﷺ کو گالی دینے کا اقرار کیا اور اس کے بعد توبہ کرلی اور توبہ کا اظہار کر دیا تو اس کو گالی کے سبب سے قتل کیا جائے گا۔ کیونکہ یہ اُس کی حد ہے۔ ابو محمد بن ابی زید نے بھی یہی کہا ہے البتہ اس کی تو بہ اُس کو آخرت میں نفع دے گی اور وہ عنداللہ مومن قرار پائے گا۔(الشفاء ،ج 2، ص 222، مطبوعہ ملتان) علامہ شامی ؒلکھتے ہیں: جس شخص نے رسول اللہ ﷺ کو گالی دی ہو اس کی توبہ قبول نہ کرنا امام مالک کا مشہور مذہب ہے، اور امام احمد بن حنبل کا مشہور مذہب بھی یہی ہے۔ فقہاء اسلام کی عبارات کا تقاضا یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی گستاخی کرنے والا مرتد ہے اور واجب القتل ہے۔ اس پر یہ اعتراض ہوتا ہے کہ مرتد وہ شخص ہو گا جو پہلے مسلمان ہو ،اگر کوئی غیر مسلم نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کرے تو اس کا کیا حکم ہے؟ سو اس کا حکم بھی یہ ہے کہ اس کو قتل کیا جائے گا۔ اور گستاخی کا معنی یہ ہے کہ سید نا محمد ﷺیا انبیاء سابقین میں سے کسی نبی علیہ السلام کے متعلق ایسا لفظ بولے یا ایسا لفظ لکھے جو عرف میں توہین کے لیے متعین ہو تو ایسے شخص کو قتل کر دیا جائے گا خواہ وہ مسلم ہو یا غیر مسلم۔ (انبیاء سابقین سے مراد وہ نبی ہیں، جن کی نبوت تمام سچے مذاہب میں مسلم ہو ۔) (تبیان القرآن،ج4،ص383،فرید بک سٹال لاہور،غلام رسول سعیدیؒ)

— (تبیان القرآن،ج4،ص383،فرید بک سٹال لاہور،غلام رسول سعیدیؒ)
حوالہ 2
التوبۃ، آیت 65
وَ لَىٕنْ سَاَلْتَهُمْ لَیَقُوْلُنَّ اِنَّمَا كُنَّا نَخُوْضُ وَ نَلْعَبُ قُلْ اَبِاللّٰهِ وَ اٰیٰتِه وَ رَسُوْلِه كُنْتُمْ تَسْتَهْزِءُوْنَ
ترجمہ
اور اے محبوب! اگرآپ ان سے پوچھیں تو کہیں گے کہ ہم تو صرف ہنسی کھیل کررہے تھے ۔تم فرماؤ: کیا تم اللہ اور اس کی آیتوں اور اس کے رسول سے ہنسی مذاق کرتے ہو۔
— ترجمہ کنز العرفان

اس سوال کے دیگر الفاظ

  • کیا حضور نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والے کے بارے میں قرآن و حدیث میں وعید بیان ہوئی ہے؟
    phrasing
  • کیا گستاخِ رسول ﷺ کے احکام کے بارے میں ائمۂ اربعہ اور فقہائے اسلام کی آراء کیا ہیں؟
    phrasing
نظرِ ثانی اور منظوری
محترمہ اسماء اصغر
عالمۂ دین، ایم فل
پرنسپل، فخر المشائخ قرآن اکیڈمی (رجسٹرڈ)، لاہور
اس جواب پر تجاویز
ای میل کریں